نوال سعید کی محبت، شادی اور شوبز زندگی پر کھل کر گفتگو
کراچی: پاکستانی اداکارہ نوال سعید نے ایک حالیہ انٹرویو میں محبت، شادی، شریکِ حیات کے انتخاب اور شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کے تجربات پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
نوال سعید کے مطابق شریکِ حیات کا انتخاب کیریئر کے انتخاب سے کہیں زیادہ مشکل فیصلہ ہے، کیونکہ پیشہ ورانہ زندگی میں انسان راستہ تبدیل کرسکتا ہے لیکن ازدواجی زندگی میں فیصلے اتنے آسانی سے تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں شادی کا فیصلہ کیا تو وہ شوبز انڈسٹری سے باہر کسی شخص کو شریکِ حیات بنانا پسند کریں گی۔
شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کے تجربے کے حوالے سے نوال سعید نے کہا کہ ان کا سیٹ پر مجموعی تجربہ مثبت رہا ہے اور وہ اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ تعاون پر مبنی ماحول میں کام کرتی رہی ہیں۔
اداکارہ نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ مرد اداکار شوٹنگ کے لیے تیار ہونے میں دو سے تین گھنٹے لگاتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک ایسا خیال ہے جو عوام کے ذہنوں میں بن چکا ہے، جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔
ساتھی اداکاروں کے درمیان مبینہ مسابقت کے حوالے سے نوال سعید نے کہا کہ اصل اہمیت اچھی پرفارمنس کی ہے۔ ان کے مطابق تمام فنکار محنت کر رہے ہیں اور ناظرین اداکاروں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر پسند کرتے ہیں۔
نوال سعید نے اپنی پسندیدہ ڈرامہ جوڑیوں کا ذکر کرتے ہوئے ’’صدقے تمہارے‘‘ میں ماہرہ خان اور عدنان ملک کی جوڑی کو سراہا۔
موجودہ دور کی آن اسکرین کیمسٹری کے حوالے سے انہوں نے بلال عباس خان اور ہانیہ عامر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ دونوں اسکرین پر بہت اچھے لگتے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق جب فنکار اچھی اداکاری کرتے ہیں تو وہ خود بخود ایک بہترین جوڑی بن جاتے ہیں۔
نوال سعید نے ماضی کے ایک تنازع پر بھی بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں اس معاملے کو عوامی سطح پر زیرِ بحث نہیں لانا چاہیے تھا۔
اداکارہ غالباً 2023 میں دیے گئے اپنے اس بیان کا حوالہ دے رہی تھیں جس میں انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران بتایا تھا کہ بعض پاکستانی کرکٹرز نے انہیں انسٹاگرام پر پیغامات بھیجے اور ان کی تعریف کی۔
اس وقت نوال سعید نے کسی کا نام لیے بغیر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا تھا کہ انہیں ایسی سرگرمیوں کے بجائے کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا اور اس پر مختلف ردعمل سامنے آیا تھا۔
نوال سعید نے 2017 میں ڈرامہ ’’یقین کا سفر‘‘ سے ٹیلی وژن پر معاون کردار کے ذریعے فنی سفر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں ’’فریاد‘‘، ’’بنو‘‘، ’’دلِ ویران‘‘ اور ’’جانِ جہاں‘‘ سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کے ذریعے اپنی شناخت بنائی۔