وائرل غیر اخلاقی ویڈیو پر اداکار سہیل سمیر کی مداحوں سے معذرت
کراچی: پاکستانی اداکار سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پرانی ویڈیو پر مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس پر شرمندگی اور افسوس ہے۔
چند روز قبل اداکار کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں ان کے ہمراہ ایک خاتون اداکارہ بھی موجود تھیں۔ مذکورہ کلپ ایک فلم کا حصہ تھا، تاہم اس کے مناظر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
بعدازاں سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے مداحوں سے معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام افراد سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں وائرل کلپ کی وجہ سے دکھ، تکلیف یا مایوسی ہوئی، جبکہ یہ کلپ تقریباً 10 سال پرانا ہے۔
اداکار نے کہا کہ اس وقت شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی کوئی پرانی حرکت مستقبل میں اس طرح سامنے آسکتی ہے، تاہم آج جب یہ کلپ دوبارہ وائرل ہوا تو انہیں احساس ہوا کہ ان کے گھر میں بھی ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔
سہیل سمیر کا کہنا تھا کہ اگر ان کی اپنی فیملی کے کسی فرد کے بارے میں ایسا مواد سامنے آتا تو وہ خود کیسا محسوس کرتے، اس خیال نے انہیں اپنی غلطی کا احساس دلایا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں واقعی شرمندگی اور افسوس ہے اور انہیں اس وقت ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، چاہے حالات کچھ بھی رہے ہوں۔ عزت بنانے میں سالوں لگ جاتے ہیں لیکن اسے ختم ہونے میں صرف ایک لمحہ لگتا ہے۔
اداکار نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر دل سے شرمندہ ہیں اور سب سے درخواست کرتے ہیں کہ انہیں معاف کردیں۔