پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی 2026-27 کی چیئرمین شپ سنبھال لی

بشکیک: پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 2026-27 کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بشکیک میں ایس سی او کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی، جس میں سیکریٹری جنرل نے پاکستان کو تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ایس سی او کی چیئرمین شپ کے دوران پاکستان کی ترجیحات اور حکمت عملی سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ ایس سی او سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور ایس سی او سیکریٹریٹ نے چیئرمین شپ کے دوران قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور ایس سی او کے قومی رابطہ کار محمد فیصل بھی شریک تھے۔
فریقین نے پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران ایس سی او کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔