World

بشکیک میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات

بشکیک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ (PID)

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تحمل، ضبط و برداشت اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے جون میں صدر پزشکیان کے دورۂ پاکستان کے دوران کیے گئے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ ,

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جبکہ صدر پزشکیان نے وزیراعظم کو دسمبر 2026 میں تہران میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ ,

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے