Pakistan

سندھ حکومت کا اقدام قابلِ تشویش، ETPB کی وفاقی حیثیت برقرار رکھی جائے، ملازمین

لاہور (شیخ طاہر علی): متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) کے ملازمین نے سندھ حکومت کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو متروکہ وقف املاک کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کے اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نیشنل ایمپلائز یونین اور بورڈ ملازمین نے مطالبہ کیا کہ ETPB کی وفاقی حیثیت برقرار رکھی جائے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ایمپلائز یونین کے سیکرٹری مدثر زیدی نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ وفاقی حکومت کے زیر انتظام ایک قانونی و انتظامی ادارہ ہے، اس لیے اس کے انتظامی اختیارات میں صوبائی سطح پر مداخلت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہرو پیکٹ کے تحت متروکہ وقف املاک کا انتظام و انصرام وفاقی سطح پر ETPB کی ذمہ داری ہے۔ ملازمین کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے انتظامی اختیارات سنبھالنے کی کوشش سے ادارے کے معاملات اور اقلیتی عبادت گاہوں کے انتظام و انصرام کے حوالے سے مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

مظاہرین نے مؤقف اختیار کیا کہ متروکہ وقف املاک میں گوردواروں اور مندروں سے متعلق جائیدادیں بھی شامل ہیں، جن کا انتظام مذہبی مقامات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اگر ان جائیدادوں کا انتظام صوبائی سطح پر منتقل کیا گیا تو اقلیتی عبادت گاہوں کے انتظام میں مالی اور انتظامی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں اور پاکستان کے مثبت تشخص پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

احتجاجی دھرنے میں یونین عہدیداران صدر کاشف گجر، جوائنٹ سیکرٹری احمد واصف، چیئرمین عدنان فیاض، چیئرمین شوریٰ کمیٹی شبیر اعوان، عبدالحَنان شاہد، غلام محی الدین اور عامر حسین ہاشمی سمیت پاکستان ماڈل ایجوکیشنل انسٹی ٹیویشنل فاؤنڈیشن کی اساتذہ اور بورڈ ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سینئر وائس چیئرمین عبدالستار گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدام سے ETPB کے ملازمین کے روزگار، ادارے کے انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے حوالے سے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایمپلائز یونین اور ملازمین ادارے، ملازمتوں اور اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی و قانونی فورم سے رجوع کریں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

ملازمین نے وزیراعظم میاں شہباز شریف، وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت کے اقدام کا فوری نوٹس لیا جائے اور ETPB کی وفاقی حیثیت برقرار رکھی جائے۔

مظاہرین نے واضح کیا کہ ان کے مطابق ETPB وفاقی ادارہ ہے اور اس کے انتظامی اختیارات کی صوبائی سطح پر منتقلی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے