گرینڈ کینین میں اچانک سیلاب، 20 سے زائد افراد لاپتا

امریکی ریاست ایریزونا کے گرینڈ کینین میں اچانک آنے والے سیلاب کے باعث 20 سے زائد افراد کے لاپتا یا تاحال رابطے میں نہ ہونے کا خدشہ ہے۔
نیشنل پارک سروس کے مطابق ہفتے کی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے برائٹ اینجل کینین اور فینٹم رینچ کے علاقوں میں اچانک سیلابی ریلہ آیا، جس سے کئی مقامات کو شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں موجود پگڈنڈیوں کو بند کردیا گیا۔
حکام کے مطابق اب تک 62 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ مزید افراد کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ تاحال کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سیلاب کے وقت فینٹم رینچ میں موجود نکی بیگز نامی خاتون نے بتایا کہ موسم انتہائی خوشگوار تھا اور وہ اپنے دو دوستوں کے ہمراہ باہر نکلی تھیں، تاہم اچانک بارش شروع ہونے کے بعد پانی تیزی سے علاقے میں داخل ہوگیا اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کے دوست فوری طور پر بلند مقام کی جانب گئے، جہاں رینجرز نے انہیں مزید محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ وہ کئی گھنٹے وہاں موجود دیگر افراد کے ساتھ انتظار کرتی رہیں، جس کے بعد رات تقریباً ساڑھے 9 بجے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکال لیا گیا۔
نکی بیگز کے مطابق وہ فینٹم رینچ میں رات کے کھانے کا انتظار کر رہی تھیں، تاہم صورتحال اس قدر خطرناک ہوگئی کہ بعد میں وہ صرف زندہ بچ جانے پر شکر گزار تھیں۔
نیشنل پارک سروس کا کہنا ہے کہ سیلاب سے علاقے میں پلوں سمیت بنیادی سہولیات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ مزید بارش اور گرج چمک کے طوفان کی پیشگوئی کے باعث مزید اچانک سیلاب، ملبے کے بہاؤ، چٹانیں گرنے اور دریاؤں و راستوں کی صورتحال میں تبدیلی کا خدشہ ہے۔
حکام نے ان افراد سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے جن کے جاننے والے ہفتے کے روز برائٹ اینجل کریک کے اطراف گرینڈ کینین کے اندرونی حصے میں موجود تھے۔
گرینڈ کینین امریکا کے مقبول ترین نیشنل پارکس میں شامل ہے جہاں ہر سال تقریباً 50 لاکھ افراد سیر کے لیے آتے ہیں، جبکہ برائٹ اینجل ٹریل یہاں کی سب سے زیادہ مقبول پیدل سفر کی گزرگاہ ہے۔