ٹرمپ کی جھیل اونٹاریو کو ’جھیل امریکا‘ قرار دینے کی اے آئی ویڈیو وائرل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جھیل اونٹاریو کو ’جھیل امریکا‘ قرار دینے کے فیصلے کی حمایت میں ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس میں انہیں جھیل کے کنارے موجود ’Lake Ontario‘ کے بورڈ کو ہٹا کر ’Lake America‘ کا بورڈ لگاتے دکھایا گیا ہے۔
ایک اور اے آئی ویڈیو میں جھیل کے کنارے ٹرمپ کے مخصوص ہیئر اسٹائل والی مسلح بطخیں گشت کرتی دکھائی گئی ہیں۔ ویڈیو میں ان پرندوں کو ’Donald Ducks‘ قرار دیا گیا ہے جبکہ پس منظر میں امریکی پرچم بھی دکھائی دیتے ہیں۔
ٹرمپ کی جانب سے یہ ویڈیوز ایسے وقت میں شیئر کی گئی ہیں جب امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی تنازع شدت اختیار کرچکا ہے۔ ٹرمپ نے 27 اگست کو صدارتی حکم نامے کے ذریعے امریکی وفاقی سطح پر جھیل اونٹاریو کا نام ’Lake America‘ رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ یہ تبدیلی امریکی وفاقی استعمال تک محدود ہے، جبکہ کینیڈا جھیل کو بدستور Lake Ontario ہی قرار دیتا ہے۔
ٹرمپ کے اس اقدام اور اے آئی ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، جبکہ کینیڈین حکام نے بھی جھیل کا تاریخی نام تبدیل کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔