Pakistan

بنوں میں قیامِ امن کے لیے امن کمیٹی اور پولیس کے درمیان 11 نکاتی معاہدہ

بنوں: بنوں میں قیامِ امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امن کمیٹی اور محکمہ پولیس کے درمیان 11 نکاتی معاہدہ طے پاگیا۔

معاہدے کے تحت امن کمیٹی کے ارکان دہشت گردی کے خلاف پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، جبکہ پولیس اور امن کمیٹی مشترکہ طور پر علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کام کریں گے۔

معاہدے کی دستاویز پر پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی شیر افضل مروت اور نسیم علی شاہ، رکن خیبر پختونخوا اسمبلی پختون یار اور امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ نے دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق امن کمیٹی کے ارکان مشکوک سرگرمیوں اور دہشت گرد عناصر سے متعلق معلومات فوری طور پر پولیس کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

دستاویز میں امن کمیٹی کے ارکان کو قانون ہاتھ میں لینے، غیر قانونی سرگرمیوں اور پولیس کے خلاف کسی بھی قسم کی مزاحمت سے گریز کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

معاہدے کے تحت پولیس نے امن کمیٹی کے ارکان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کمیٹی کے ارکان بھی عوام میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس سے تعاون کریں گے۔

پولیس اور امن کمیٹی کے درمیان کسی بھی اختلاف کی صورت میں معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی ارکان کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

معاہدے میں پولیس اور امن کمیٹی نے بنوں میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے