Pakistan

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا واہ میں پاکستان آرڈننس فیکٹری کا دورہ

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واہ میں پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی ادارے پاکستان آرڈننس فیکٹری کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کے مختلف شعبہ جات اور آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں مقامی سطح پر مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ادارے کی خدمات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے اسلحے اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر پی او ایف کی جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداوار کی صلاحیت بڑھانے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو DIPRA Ordnance کے نفاذ کے بعد پی او ایف کو کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

انہیں مقامی پیداوار کے فروغ اور صنعتی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے سے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے