World

ناروے کے بادشاہ کی وفات، اوسلو کی میئر نے شادی ملتوی کردی

ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال کے بعد اوسلو کی میئر اینے لِنڈبو نے اپنی شادی کی تقریب ملتوی کردی۔

میئر اینے لِنڈبو کی اپنے منگیتر پال سینڈوِڈ کے ساتھ شادی جمعے کو ہونا تھی، تاہم بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے اسی روز انتقال کے بعد تقریب ملتوی کردی گئی۔ میئر کے سیاسی مشیر نے بی بی سی کو اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔

این لِنڈبو نے سوشل میڈیا پر آنجہانی بادشاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے بغیر اوسلو اور ناروے کا تصور کرنا مشکل ہے، آپ کو بادشاہ بننے کے لیے تاج کی ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناروے کی اکثریت نے بادشاہ سے ذاتی طور پر ملاقات نہ کرنے کے باوجود ہمیشہ ایسا محسوس کیا جیسے وہ انہیں جانتی ہو۔

بادشاہ ہیرالڈ پنجم 35 سال تک ناروے کے تخت پر فائز رہے اور 89 برس کی عمر میں دارالحکومت اوسلو کے نیشنل اسپتال میں انتقال کرگئے، جہاں وہ خون کی ایک نایاب بیماری کے باعث زیر علاج تھے۔

ان کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے ہاکون ہشتم نے جمعے کو ناروے کے نئے بادشاہ کی حیثیت سے تخت سنبھال لیا۔

این لِنڈبو اور پال سینڈوِڈ پانچ سال سے ایک ساتھ ہیں اور میئر نے رواں برس جون میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ شادی کی نئی تاریخ تاحال مقرر نہیں کی گئی۔

آن لائن بیان میں میئر نے بادشاہ ہیرالڈ کو ناروے کے لیے ایک متحد کرنے والی شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

بادشاہ ہیرالڈ پنجم ناروے میں مقبول اور اصلاح پسند بادشاہ کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے روایات سے ہٹ کر عام شہری سونیا سے شادی کی، جو بعد ازاں ملکہ سونیا بنیں۔ ہیرالڈ کی وفات ان کی شادی کی 58ویں سالگرہ سے ایک روز قبل ہوئی۔

بادشاہ کی وفات پر اوسلو کے شاہی محل کے باہر شہریوں کی جانب سے پھول رکھنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ناروے کے وزیراعظم یونس گار ستورے نے ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی تعزیتی تقریر میں کہا کہ ملک ہیرالڈ کی خدمات پر غم اور تشکر میں متحد ہے اور ان کی میراث ہمیشہ زندہ رہے گی۔

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے بھی اپنے ’’عزیز کزن‘‘ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ہیرالڈ پنجم برطانوی بادشاہ کی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کے دوسرے کزن تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے