آسٹریلوی سائنس دانوں نے ادویات پہنچانے والے ’سائبرگ کاکروچ‘ تیار کرلیے

آسٹریلوی سائنس دانوں نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں پھنسے افراد تک ادویات پہنچانے کے لیے ’سائبرگ کاکروچ‘ تیار کرلیے ہیں۔
محققین کے مطابق خصوصی کیمروں اور انجیکشن آلات سے لیس ان کاکروچز کو ’پیرا بورگز‘ (Paraborgs) کا نام دیا گیا ہے۔ ان کے اعصابی نظام میں الیکٹروڈز نصب کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے انہیں دور سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ کاکروچ تنگ اور دشوار گزار راستوں سے گزر کر ان افراد تک پہنچ سکتے ہیں جہاں روایتی امدادی ذرائع کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔
تجربات کے دوران دوا پہنچانے کی مجموعی کامیابی کی شرح 72 فیصد رہی، جبکہ قریبی فاصلے پر یہ شرح 95 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔
محققین کے مطابق مستقبل میں ان ’سائبرگ کاکروچز‘ کو زلزلوں، عمارتیں منہدم ہونے، سانپ کے کاٹنے اور دیگر ہنگامی حالات میں پھنسے افراد تک ادویات پہنچانے اور قیمتی جانیں بچانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔