پیپلز پارٹی کا ن لیگ حکومت سے علیحدگی کا عندیہ
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت بالآخر مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت حکومت سے علیحدہ ہوجائے گی، اب صرف یہ طے ہونا باقی ہے کہ علیحدگی کب ہوگی۔
ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے اپنا فیصلہ کرچکی ہے اور اب اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ کر اپنی آزادانہ سیاست کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کرے گی۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اپوزیشن میں جانے کے باوجود پیپلز پارٹی قومی مفاد میں جہاں ضروری سمجھے گی، حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سے علیحدگی کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی سادہ اکثریت متاثر نہیں ہوگی، اس لیے حکومت برقرار رہے گی۔