10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ، آٹا پھر بھی مہنگا ہوگیا
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے گندم کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کے فیصلے کے باوجود ملک میں آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی بلکہ مزید اضافہ ہوگیا۔
وفاقی ادارۂ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا سب سے مہنگا ہوکر 3 ہزار 200 روپے تک پہنچ گیا، جبکہ پشاور میں 3 ہزار 100، اسلام آباد میں 3 ہزار 93 اور راولپنڈی میں 3 ہزار 67 روپے ریکارڈ کیا گیا۔
حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 940، بنوں میں 2 ہزار 900 اور کوئٹہ میں 2 ہزار 850 روپے رہی۔ ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم ٹماٹر، چکن اور پیاز سمیت 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی کی قیمت میں 3.46 فیصد، ڈیزل کی قیمت میں 2.44 فیصد اور پٹرول کی قیمت میں 1.71 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ بجلی کے سہ ماہی چارجز بھی 2.06 فیصد بڑھ گئے۔
گندم کی درآمد کے حکومتی فیصلے کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو مہنگائی کے ایک اور دباؤ سے دوچار کردیا ہے۔