لارڈز ٹیسٹ: عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو پر پی سی بی کا اسکائی اسپورٹس سے احتجاج
لندن: لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران انگلش براڈکاسٹر اسکائی اسپورٹس نے سابق پاکستانی کپتان اور وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انٹرویو سابق انگلش کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے براڈکاسٹر مائیکل ایتھرٹن نے کیا، جس میں سلیمان اور قاسم خان نے اپنے والد کی صحت اور سلامتی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھانے کے وقفے سے قبل ہی اسکائی اسپورٹس سے انٹرویو نشر نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ بورڈ نے مبینہ طور پر یہ آپشن بھی زیر غور لایا کہ اگر انٹرویو نشر کیا گیا تو احتجاجاً پاکستانی کھلاڑیوں کو وقفے کے بعد میدان میں نہ بھیجا جائے۔
اسکائی اسپورٹس نے ابتدا میں انٹرویو کی نشریات مؤخر کیں، تاہم بعد ازاں اسے نشر کردیا گیا۔ معاملے کے باوجود پاکستانی ٹیم وقفے کے بعد دوبارہ میدان میں اتری اور میچ کا کھیل جاری رہا۔
پی سی بی نے انٹرویو کی نشریات پر اپنی شکایت انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سامنے بھی اٹھائی ہے، جبکہ واقعے نے لارڈز ٹیسٹ کے دوران کرکٹ اور سیاسی معاملات کے امتزاج پر ایک نیا تنازع پیدا کردیا ہے۔