200 سال بعد خاندان میں بیٹی کی پیدائش، مہاراشٹرا میں شاندار جشن
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک خاندان نے تقریباً 200 سال بعد بیٹی کی پیدائش پر شاندار جشن منایا اور نومولود بچی کا شہزادی کی طرح استقبال کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا کے ضلع بیڑ میں ایک خاندان کا دعویٰ ہے کہ تقریباً پانچ نسلوں کے بعد ان کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ خاندان کے مطابق تقریباً 200 سال سے ان کے ہاں کسی لڑکی کی پیدائش نہیں ہوئی تھی۔
نومولود بچی کی آمد پر پورے خاندان نے خوشی منائی، جبکہ بڑی تعداد میں مقامی افراد نے بھی جشن میں شرکت کی۔
بچی کے دادا میڈیا سے گفتگو کے دوران جذباتی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان میں بیٹی کی پیدائش ان کے لیے بہت بڑی خوش قسمتی ہے، کئی برسوں سے انہیں اس بات کا افسوس تھا کہ ان کے گھر کوئی بیٹی نہیں، تاہم اب ان کی یہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔
بچی کی دادی نے کہا کہ پورا خاندان بے حد خوش ہے اور انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے آج ان کے گھر ’’لکشمی‘‘ آئی ہو۔
بچی کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی کی پیدائش سے خاندان میں ایک منفرد خوشی پیدا ہوئی ہے۔ ان کے مطابق معاشرے میں عام طور پر لوگ بیٹے کی خواہش کرتے ہیں، لیکن بیٹی کی پیدائش کی خوشی اور احساس بالکل مختلف ہے۔
خاندان کا کہنا ہے کہ جشن منانے کا مقصد معاشرے کو یہ مثبت پیغام دینا بھی تھا کہ بیٹی کی پیدائش خوشی اور فخر کا موقع ہے اور اسے بھی بیٹے کی پیدائش کی طرح بھرپور انداز میں منایا جانا چاہیے۔