پی آئی ایم ایس آتشزدگی، نوزائیدہ کو بچانے والی نرس کے لیے ستارۂ خدمت اور ایک کروڑ روپے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک نوزائیدہ بچے کو بچانے والی نرس راضیہ نورین کی بہادری کو سراہا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں نرس سے ملاقات کے دوران راضیہ نورین نے بتایا کہ وہ ادویات تیار کر رہی تھیں کہ اچانک نرسری میں آگ نظر آئی۔ وہ بغیر کسی تردد کے اندر داخل ہوئیں اور ایک بچے کو بحفاظت باہر لے آئیں، تاہم دوسرے بچے کو نکالتے ہوئے دھماکے کے باعث بجلی بند ہوگئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم نرس کی بہادری پر فخر کرتی ہے اور ان کی خدمات تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔ راضیہ نورین نے کہا کہ بچوں کی حفاظت کرنا نرس کی ذمہ داری ہے اور انہیں افسوس ہے کہ وہ دیگر بچوں کو نہیں بچا سکیں۔
وزیراعظم کے مطابق راضیہ نورین کو 23 مارچ کو ستارۂ خدمت اور ایک کروڑ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پمز کی نرسری میں آتشزدگی سے 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے، جس پر ملک بھر میں تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔