واشنگٹن: پینٹاگون نے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے فوجی اہلکاروں میں ٹیسٹوسٹیرون کی کمی کی لازمی اسکریننگ سے متعلق حال ہی میں جاری کردہ طبی ہدایات عارضی طور پر واپس لے لی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ دستاویز 2 ستمبر کو جاری کی گئی تھی، تاہم ایک روز بعد اسے پینٹاگون کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہدایات میں مزید اپ ڈیٹس کے لیے انہیں عارضی طور پر واپس لیا گیا ہے، جبکہ عبوری ہدایات بدستور نافذ ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت 30 سال یا اس سے زائد عمر کے مرد فوجیوں کی سالانہ طبی جانچ کے دوران سوالنامے کے ذریعے اسکریننگ کی جانی تھی، جس کے بعد ضرورت پڑنے پر خون کا ٹیسٹ اور ٹیسٹوسٹیرون تھراپی تجویز کی جا سکتی تھی۔ خواتین کے لیے بھی ہارمون سے متعلق مسائل کی اسکریننگ کا طریقہ کار شامل تھا۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے جولائی میں اسکریننگ لازمی قرار دینے کا اعلان کیا تھا، تاہم ماہرین نے اس پالیسی کی سائنسی بنیاد اور وسیع پیمانے پر ٹیسٹوسٹیرون ٹیسٹنگ کے ممکنہ نقصانات پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق فوجی اہلکاروں میں کم ٹیسٹوسٹیرون کی عمومی اسکریننگ سے جنگی تیاری بہتر ہونے کے شواہد محدود ہیں۔