پنجاب کو ہمسایہ صوبوں سے آنے والی دہشت گردی کا خطرہ ہے، مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردی کو صوبے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو ہمسایہ ممالک سے کم اور دیگر صوبوں سے آنے والی دہشت گردی سے زیادہ خطرہ ہے، امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی سیکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ صوبے کے بارڈر ایریاز سے آنے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ چیک پوسٹوں کو مضبوط بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے میں فوج اور سندھ حکومت کے تعاون سے حالات قابو میں آئے ہیں۔ نیا انٹیلیجنس ہب سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرائم اور منظم جرائم پر قابو پانا بڑا چیلنج تھا۔ بچوں سے زیادتی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے پنجاب میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی بدعنوانی ہوگی اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے بقول کرپشن کو معمول کا حصہ سمجھنے کی سوچ ختم کرنا ہوگی۔