پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی
ایمسٹلوین: 4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
11ویں پوزیشن کے میچ میں جنوبی افریقا نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے کوارٹر میں گول کیا، جبکہ دوسرے کوارٹر میں ایک اور گول کرکے 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے افراز اور پھر محمد حماد کے گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ ہاف ٹائم تک یہی اسکور برقرار رہا۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں کپتان رانا وحید نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلائی، تاہم 8 منٹ بعد جنوبی افریقا نے گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر برابر کردیا۔
میچ ختم ہونے سے 5 منٹ قبل جنوبی افریقا نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے 4-3 کی برتری حاصل کرلی، تاہم میچ کے آخری سیکنڈز میں حماد الدین نے گول کرکے پاکستان کو شکست سے بچاتے ہوئے اسکور 4-4 کردیا۔
مقررہ وقت میں مقابلہ برابر رہنے کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں پاکستان نے 4-3 سے کامیابی حاصل کرکے ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، 2 میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔