پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل، کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد(ہم شہری) نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے تو کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔ مسئلہ کشمیر کسی زمین کے ٹکڑے کا نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے کشمیری سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی پنجاب کی طرز پر تبدیلی لائیں گے۔ سرکاری ملازمتوں میں بھرتیوں کے لیے این ٹی ایس کی طرز پر تھرڈ پارٹی سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جبکہ ڈیجیٹل اکانومی اور اسکلڈ بیسڈ ایجوکیشن کے فروغ پر بھی کام کیا جائے گا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ محکمہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات لائی جائیں گی اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈیجیٹل سٹیزن پورٹل لانچ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کے انتخاب میں 30 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان کو 14 ووٹ ملے۔ افتخار گیلانی اس سے قبل آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔