Pakistan

لیسکو ہربنس پورہ سب ڈویژن میں ریٹائرڈ اہلکار کے بدستور ڈیوٹی کرنے کا انکشاف

لاہور (شیخ طاہر علی): لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ہربنس پورہ سب ڈویژن میں مبینہ طور پر ایک ریٹائرڈ اہلکار کے تاحال دفتری امور انجام دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ڈی سی کلرک صفدر تقریباً ایک سال قبل مدت ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہوچکے ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ مبینہ طور پر بدستور سب ڈویژن کے دفتر میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی مذکورہ اہلکار کو دفتر میں بطور ایس ڈی سی کلرک کام کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جبکہ کسی دوسرے اہلکار کو اس نشست پر تعینات کرنے میں بھی مبینہ طور پر رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ اہلکار مبینہ طور پر دفتری معاملات، اہم ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور دیگر سرکاری امور میں بھی مداخلت کر رہے ہیں۔ نئے بجلی کنکشنز کی فائلوں کی کلیئرنس، ڈیمانڈ نوٹسز کے اجرا اور دیگر معاملات میں بھی ان کی منظوری کو مبینہ طور پر ضروری بنا دیا گیا ہے۔

مزید برآں، صارفین کی جانب سے بلوں کی درستگی اور فائلیں کلیئر کروانے کے نام پر مبینہ طور پر رشوت طلب کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سب ڈویژن کے متعلقہ افسر کی جانب سے ریٹائرڈ اہلکار کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کی جا رہی ہے، جبکہ اعلیٰ حکام کی ہدایات پر بھی مبینہ طور پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔

شہریوں نے لیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کسی ریٹائرڈ اہلکار کی جانب سے غیر قانونی طور پر سرکاری امور انجام دینے یا صارفین سے رشوت وصول کرنے کی تصدیق ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

اس سلسلے میں ایس ڈی او لیسکو ہربنس پورہ سب ڈویژن ماجد بشیر سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے فون پر جواب نہیں دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے