لاہور میں کچرا پھینکنے اور جلانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز، بھاری جرمانوں کا اعلان
لاہور(عمران اسلم) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے شہر میں صفائی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف کے مطابق کچرا پھیلانے والوں کو آج سے وارننگز جاری کی جا رہی ہیں۔
شہریار عارف نے بتایا کہ سڑکوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈ تعینات کردیئے گئے ہیں، جو صفائی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر کچرا پھینکنے اور اسے جلانے والوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے کی صورت میں ایک ہزار سے 10 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر صفائی کا مناسب انتظام نہ رکھنے پر ایک ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوڑے کو آگ لگانے پر ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 2 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
شہریار عارف نے مزید کہا کہ فیکٹری یا انفرادی سطح پر ٹائر جلانے کی صورت میں 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 7 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔