لارڈز ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام، انگلینڈ کے خلاف 110 رنز پر ڈھیر
لارڈز: انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوگئی اور قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 110 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
میزبان انگلینڈ نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز سے کیا اور پوری ٹیم 290 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 4 جبکہ محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کے 290 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی۔ 8 پاکستانی بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ شان مسعود ایک، عبداللہ شفیق 5، بابر اعظم 8، محمد رضوان 7، محمد عباس 2، علی عثمان اور خرم شہزاد ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اذان اویس نے 46 جبکہ سعود شکیل نے 16 رنز بنائے۔ اوپننگ بیٹر امام الحق پنڈلی کی تکلیف کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن نے 4 جبکہ جوفرا آرچر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد میزبان انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔