شادمان میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ لاپرواہی، موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق
لاہور(عمران اسلم) لاہور کے علاقے شادمان میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ لاپرواہی کے باعث موٹر سائیکل سوار نوجوان زین جاں بحق ہوگیا، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار کو روکنے کے لیے ٹریفک وارڈن اچانک سڑک کے درمیان آگیا، جس کے باعث موٹر سائیکل سوار وارڈن سے ٹکرا کر بے قابو ہوگیا اور فٹ پاتھ سے جا ٹکرایا۔ حادثے میں نوجوان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔
زین کو تشویشناک حالت میں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ پانچ روز تک زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق واقعہ 26 اگست کی شام ساڑھے 5 بجے شادمان مارکیٹ یوٹرن پر پیش آیا۔ ٹریفک اسسٹنٹ نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم موٹر سائیکل سوار رکنے کے بجائے آگے بڑھنے کی کوشش کے دوران ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق اور موٹر سائیکل سوار زین دونوں زخمی ہوئے۔ سلطان الحق کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی صدر زون کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔