sci&techWorld

بھارت کا میزائل پیداوار بڑھانے کے لیے نجی شعبے کو ٹیکنالوجی دینے کا فیصلہ

نئی دہلی: بھارتی حکومت نے میزائلوں کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے نجی شعبے کو بھی میزائل ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

بھارتی وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سرکاری ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی تیار کردہ تمام روایتی میزائل سسٹمز کی ٹیکنالوجی مقامی پیداوار کے لیے بھارتی صنعت کو منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق نجی کمپنیاں تکنیکی قابلیت، مطلوبہ سرٹیفکیشن اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مذکورہ ٹیکنالوجی اور پیداواری حقوق کے حصول کے لیے مقابلہ کرسکیں گی۔

بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملکی دفاعی پیداواری صلاحیت بڑھانا، دفاعی صنعتی بنیاد مضبوط کرنا اور مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سمیت دیگر ٹیکنالوجی شراکت داروں کو دفاعی سپلائی چین میں شامل ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں حالیہ برسوں کے دوران نجی دفاعی کمپنیوں نے فوجی سازوسامان کی تیاری میں سرمایہ کاری بڑھائی ہے۔ بڑے صنعتی گروپس گولہ بارود، ڈرونز، ایرو اسپیس اور ملٹری الیکٹرانکس کے ساتھ میزائلوں کی تیاری کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی سمجھے جانے والے تاجر گوتم اڈانی کی کمپنی اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس نے بھی 2024 میں اتر پردیش میں گولہ بارود اور میزائلوں کی تیاری کی تنصیبات کے لیے 30 ارب بھارتی روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے