بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 48 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی(ہم شہری) آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے برآمد گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔
ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 26 خوارج ہلاک ہوئے۔ قلات میں کارروائی کے دوران 2 جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 2026 کے دوران بلوچستان میں مختلف آپریشنز میں اب تک 1188 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں عزمِ استحکام وژن کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 36 دہشت گردوں کی ہلاکت کو سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔