Pakistan

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 21 دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین کے زیارت کراس میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این-40 پر مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے اور غیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی، جس پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اسی رات سکیورٹی فورسز نے کسٹمز ہاؤس پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ بھی ناکام بنا دیا اور کارروائی کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

بیان کے مطابق فرار ہونے والے دہشتگردوں کو بھی سکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت 6 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا واضح مظہر تھا۔ حملے کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے