بلاول بھٹو زرداری نے منگنی کی خبروں کی تردید کردی

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ نہ ان کی بات پکی ہوئی ہے اور نہ ہی منگنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے ان کی بات پکی ہونے، منگنی اور یہاں تک کہ شادی بھی کروا دی، تاہم حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ وہ کسی ’’پرنسز گوریا‘‘ کو نہیں جانتے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ سب سوشل میڈیا کا تماشا ہے، جس کا مقصد عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔
انہوں نے سانحہ پمز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت میں پیش آنے والے واقعے میں 14 بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ایک وزیر، جو پاکستان کا گورباچوف بننا چاہتا ہے، ملک کے 30 ٹکڑے کرنا چاہتا ہے، جبکہ وہ ایک اسپتال بھی نہیں سنبھال سکتا۔
اس سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری بلاول بھٹو زرداری کی منگنی کے سلسلے میں بات چیت کے لیے آسٹریا میں موجود ہیں اور بلاول بھٹو بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی منگنی اور شادی سے متعلق آسٹریا کے ایک خاندان سے کم از کم تین ملاقاتیں ہوچکی ہیں، جبکہ ممکنہ دلہن کا تعلق ایک معروف یورپی خاندان سے ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ممکنہ شادی رواں سال کے آخر میں ویانا میں ہونے کا امکان ہے۔
تاہم بلاول بھٹو زرداری کے تازہ بیان کے بعد ان کی منگنی اور شادی سے متعلق یہ اطلاعات مسترد ہوگئی ہیں۔