World

ایران جنگ طویل ہونے کا خدشہ، امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں فوجی تعیناتی 2027 تک بڑھا دی

امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ طویل ہونے کے امکانات کے پیش نظر امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی تعیناتیوں کی مدت 2027 تک بڑھا دی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی جانب سے امریکی فوجیوں کی تعیناتی میں توسیع اس بات کا اشارہ ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع آئندہ سال تک جاری رہ سکتا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی تعیناتیوں میں توسیع ایک غیر معینہ مدت کی فوجی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صورتحال کے مطابق مختلف آپشنز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے نجی طور پر اپنے معاونین سے ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے اعلان کے حوالے سے مشاورت بھی کی ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ کا خیال ہے کہ ایران پر مسلسل اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایرانی حکومت کو اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے بعض معاونین نے انہیں خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت دینے سے آئندہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو سیاسی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی خواہش ہے کہ وسط مدتی انتخابات تک ایران کے خلاف جنگ محدود سطح پر جاری رہے اور اس معاملے کو امریکی سیاست پر حاوی ہونے سے روکا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے