اسرائیلی فوجی کو اشتہار میں شامل کرنے پر ایڈیڈاس کو تنقید کا سامنا
فاطمہ بھٹو سمیت متعدد افراد نے کمپنی کے بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا۔
اسپورٹس برانڈ ایڈیڈاس کو اسرائیل میں اپنی ’’سنگل شو سروس‘‘ کی تشہیری مہم میں ایک اسرائیلی فوجی کو شامل کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ایڈیڈاس نے جنوری سے معذور افراد کے لیے یہ سروس شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت ٹانگ سے محروم افراد اپنی ضرورت کے مطابق صرف ایک جوتا نصف قیمت پر خرید سکتے ہیں۔
کمپنی کی تشہیری ویڈیو میں شالِیو بیٹن نامی اسرائیلی فوجی کو دکھایا گیا ہے، جس نے 2021 میں غزہ میں اسرائیلی کارروائی کے دوران اپنی ٹانگ کھو دی تھی۔
فلسطینی نژاد امریکی مصنفہ سوزن ابو الحوا اور دیگر سماجی کارکنوں نے ایڈیڈاس کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ پاکستانی مصنفہ فاطمہ بھٹو سمیت متعدد افراد نے کمپنی کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔
صحافی لیلیٰ حامد نے دعویٰ کیا کہ اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 5 ہزار سے زائد افراد کے اعضا کاٹے جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایڈیڈاس اس سے قبل بھی اسرائیل سے متعلق اشتہاری مہم کے باعث تنازع کا شکار ہو چکی ہے۔ 2024 میں فلسطینی نژاد امریکی ماڈل بیلا حدید کی جانب سے قانونی کارروائی کی دھمکی کے بعد کمپنی نے ان سے معذرت کی تھی۔